مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سعودی عرب سے عمرہ کی ادائیگی کے بعد وطن واپس لاہور پہنچ گئے، جہاں وہ جاتی عمرہ اپنی رہائش گاہ منتقل ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق محمد نواز شریف چند روز قبل بیرونِ ملک دورے پر روانہ ہوئے تھے، جس کے دوران انہوں نے جنیوا اور برطانیہ کا بھی دورہ کیا۔ اس دوران مختلف ملاقاتیں اور اہم امور پر مشاورت بھی کی گئی۔بعد ازاں وہ سعودی عرب روانہ ہوئے جہاں انہوں نے عمرہ کی سعادت حاصل کی اور مذہبی فرائض ادا کیے۔ سعودی عرب میں قیام مکمل کرنے کے بعد وہ واپس پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
لاہور آمد کے بعد انہیں جاتی عمرہ منتقل کیا گیا، جہاں ان کے قریبی پارٹی رہنماؤں اور اہل خانہ نے ان کا استقبال کیا۔پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف کی وطن واپسی کے بعد مسلم لیگ (ن) کی سیاسی سرگرمیوں میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے، تاہم پارٹی کی جانب سے آئندہ سیاسی اور تنظیمی مصروفیات کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔