ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار، آج بارش کی پیش گوئی

ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار، آج بارش کی پیش گوئی

شہر میں ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا، جبکہ دن بھر سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہی۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجۂ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 37 اور کم سے کم 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث موسم نسبتاً مرطوب محسوس کیا جا رہا ہے۔محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں نے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی کر دی ہے۔ ادارے نے پیش گوئی کی ہے کہ شہر میں آج مزید بارش کا امکان ہے، جس سے موسم مزید خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔ شہریوں کو موسم کی تازہ صورتحال سے آگاہ رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کامونکی اور گردونواح میں موسلا دھار بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا، جبکہ شکرگڑھ، کرتارپور، نورکوٹ اور مضافاتی علاقوں میں بارش کے بعد نشیبی مقامات پر پانی جمع ہو گیا۔

نارووال اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم سہانا ہو گیا، جبکہ شاہ کوٹ، ننکانہ صاحب اور سرائے مغل میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ادھر پتوکی، پنڈی بھٹیاں اور مانانوالہ میں بارش کے باعث متعدد بجلی کے فیڈر ٹرپ کر گئے، جس سے بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔