ویب ڈیسک: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان میں نوجوانوں کو آئی ٹی شعبے کی جدید تربیت فراہم کرنے اور تربیتی پروگرامز کے ایکوسسٹم کو بہتر بنانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان، چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن (HEC)، اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تربیتی نظام کی تشکیل تیز، TORs حتمی مراحل میں
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں جدید تربیت کے نظام کی تشکیل و اجراء پر تیزی سے کام جاری ہے، جس کے لیے کنسلٹنسی فرمز کی خدمات حاصل کرنے کے لیے ٹرمز آف ریفرنسز (TORs) تیار کیے جا رہے ہیں اور یہ حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔
ہواوے کے تعاون سے 20 ہزار طلبہ تربیت یافتہ، بین الاقوامی مقابلوں میں کامیابی
اجلاس کو بتایا گیا کہ چینی کمپنی ہواوے کے تعاون سے اب تک 20 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کو جدید آئی ٹی تربیت دی جا چکی ہے۔ گزشتہ برس تربیت یافتہ پاکستانی طلبہ نے چین اور عالمی سطح پر آئی ٹی کے تین شعبوں میں پہلی تین پوزیشنز حاصل کیں۔ ان مقابلوں میں دنیا بھر سے 2 لاکھ سے زائد امیدواروں نے حصہ لیا تھا۔وزیراعظم نے ان شاندار کامیابیوں پر طلبہ و طالبات کی تعریف و حوصلہ افزائی کی اور انہیں ملک کا فخر قرار دیا۔
نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی ہدایت
وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ:آئی ٹی شعبے میں ایسے جدید تربیتی پروگرامز تشکیل دیے جائیں جو روزگار سے براہ راست منسلک ہوں۔تربیت یافتہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مقامی کمپنیوں کے لیے مؤثر بنایا جائے تاکہ وہ بین الاقوامی معیار پر پورا اتر سکیں۔پاکستان میں ایک ایسا پائیدار اور جدید آئی سی ٹی نظام قائم کیا جائے جس سے ملک آئی ٹی ہب کے طور پر ابھرے۔
بین الوزارتی اشتراک اور سمر کیمپس
وزیراعظم نے ہدایت دی کہ:وزارت وفاقی تعلیم، ہائیر ایجوکیشن کمیشن، نیووٹیک، اور وزارت آئی ٹی کے درمیان مربوط حکمت عملی تشکیل دی جائے تاکہ اسکول، کالج، اور یونیورسٹیوں میں آئی ٹی تربیت فراہم کی جا سکے۔موجودہ گرمیوں کی چھٹیوں میں خصوصی سمر کیمپس کے ذریعے آئی ٹی کی عملی تربیت کو یقینی بنایا جائے۔
ٹائم فریم اور نتائج پر زور
وزیراعظم نے یہ بھی واضح کیا کہ:"تربیتی نظام کی تشکیل اور اجراء کے لیے مدت کا تعین کیا جائے اور جلد از جلد اس منصوبے کو عملی جامہ پہنایا جائے۔ ہماری سب سے بڑی طاقت ہماری باصلاحیت نوجوان نسل ہے، جسے ہم آئی ٹی کے میدان میں عالمی سطح پر کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں۔"