بار بار امریکا کے دشمنوں نے سیکھا ہے کہ اگر آپ امریکی عوام کو دھمکائیں گے تو ہمارے فوجی آپ تک پہنچیں گے، فوجی پریڈ سے خطاب
واشنگٹن (آئی این پی ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کو دنیا کا مقبول ترین ملک قرار دیتے ہوئے خبردارکیا ہے کہ جو امریکا کو چیلنج کرے گا، اسے مکمل اور قطعی شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق اپنی 79ویں سالگرہ پر گزشتہ کئی دہائیوں کی سب سے بڑی امریکی فوجی پریڈ کی میزبانی کی۔ٹرمپ نے ٹینکوں، جنگی طیاروں اور فوجی دستوں کی پریڈ کے بعد امریکا کو دنیا کا مقبول ترین ملک قرار دیا، یہ پریڈ واشنگٹن میں امریکی فوج کے 250ویں یومِ تاسیس کے موقع پر منعقد کی گئی۔اپنی تقریر میں، جو معمول سے مختصر اور غیرسیاسی تھی، ٹرمپ نے اندرونی سیاست پر تنقید سے گریز کرتے ہوئے امریکی فوج کی تعریف کی، اور کہا کہ یہ فوجی لڑتے ہیں، لڑتے ہیں، لڑتے ہیں ، اور جیتتے ہیں، جیتتے ہیں، جیتتے ہیں۔پریڈ سے خطاب میں ٹرمپ نے واشنگٹن کے مخالفین کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جو امریکا کو چیلنج کرے گا، اسے مکمل اور قطعی شکست کا سامنا کرنا پڑے گا، ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بار بار، امریکا کے دشمنوں نے سیکھا ہے کہ اگر آپ امریکی عوام کو دھمکائیں گے تو ہمارے فوجی آپ تک پہنچیں گے۔