لاہور کے علاقے مسلم ٹاؤن میں واقع جناح انڈرپاس کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں باپ بیٹے سمیت دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے موٹرسائیکل سواروں کو بچانے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں ٹرالی بے قابو ہوکر الٹ گئی اور اینٹوں سے لدی ٹرالی کے نیچے چار افراد دب گئے۔ حادثے کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ جاں بحق افراد کی شناخت احمد اور ریاض کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں میں ٹریکٹر کا ڈرائیور اسامہ اور ایک مزدور ریحان شامل ہیں۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں کیں۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے بھجوا دی گئی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور حادثے کے محرکات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق حادثے کی وجہ تیز رفتاری اور بریک فیل ہونا بتائی جا رہی ہے۔