کراچی: ڈیفنس میں تیز رفتار ویگو فٹ پاتھ پر چڑھ گئی، معذور باپ جاں بحق، 4 سالہ بیٹا زخمی

کراچی: ڈیفنس میں تیز رفتار ویگو فٹ پاتھ پر چڑھ گئی، معذور باپ جاں بحق، 4 سالہ بیٹا زخمی

کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 کے بخاری کمرشل میں تیز رفتار ڈبل کیبن گاڑی فٹ پاتھ پر چڑھ گئی، جس کے نتیجے میں وہاں سویا ہوا ایک شخص جاں بحق جبکہ اس کا چار سالہ بیٹا زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق حادثے کے بعد گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جبکہ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 40 سالہ خادم ولد حسین اور زخمی بچے کی شناخت 4 سالہ ذیشان ولد خادم کے نام سے ہوئی ہے۔ریسکیو اہلکاروں نے لاش اور زخمی بچے کو فوری طور پر جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کر دیا، جہاں بچے کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔جاں بحق ہونے والے شخص کے بیٹے نے بتایا کہ ان کا خاندان کورنگی کے ناصر جمپ کا رہائشی ہے۔ ان کے والد معذور تھے اور کوئی روزگار نہیں کرتے تھے، جبکہ گھر کے اخراجات چار بھائی پھول فروخت کر کے پورے کرتے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا سبب بننے والی گاڑی اور اس کے ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔ واقعے کے عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں اور علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے تاکہ ملزم کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔پولیس کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔