شہر قائد کراچی کے نارتھ ناظم آباد کے علاقے واحد کالونی میں فائرنگ کے واقعے میں 2 بچوں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔
زخمیوں میں 7 سالہ راحیل ولد سانول، 14 سالہ شہادت حسین ولد غلام شبیر، اور 20 سالہ احد ولد نظیر شامل ہیں، جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کر کے طبی امداد دی گئی۔ایس ایچ او تھانہ نارتھ ناظم آباد شاہد آدم کے مطابق ابتدائی تفتیش میں واقعہ بلند آواز میں میوزک چلانے کے باعث جھگڑے سے شروع ہوا۔عینی شاہدین کے مطابق، گاڑی میں بلند آواز میں گانے بجانے والے شیرو اور اسے روکنے والے عمران کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد دیگر افراد کو بلا کر فائرنگ کی گئی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ شیرو مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تھا۔پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔