کراچی: تیز رفتار ٹریلر کی ٹکر سے باپ، بیٹا جاں بحق، 2 زخمی

کراچی: تیز رفتار ٹریلر کی ٹکر سے باپ، بیٹا جاں بحق، 2 زخمی

نیٹی جیٹی پل سے آئی سی آئی پل کی جانب پیش آیا خوفناک ٹریفک حادثہ، جس میں تیز رفتار ٹریلر نے گاڑی، موٹر سائیکل اور رکشہ کو ٹکر مار دی۔

 اس حادثے کے نتیجے میں ایک باپ اور اس کا بیٹا جاں بحق ہو گئے جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق، ڈاکس تھانے کی حدود میں نیٹی جیٹی پل سے آئی سی آئی پل کی جانب جانے والے راستے پر تیز رفتار ٹریلر نے گاڑی، موٹر سائیکل اور رکشہ کو ٹکر مار دی۔ اس حادثے کے نتیجے میں سیاہ رنگ کی ہیول گاڑی پل کی آہنی باڑ کو توڑتے ہوئے پل سے نیچے لوہے کے پائپوں پر جا گری۔حادثے میں گاڑی میں سوار باپ 62 سالہ محمد اشرف اور ان کا بیٹا 40 سالہ نوید محمد اشرف موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ اس کے علاوہ محمد اشرف کا دوسرا بیٹا عثمان محمد اشرف اور رکشہ ڈرائیور شمس الحہی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

حادثے کے بعد نیٹی جیٹی پل پر بدترین ٹریفک جام ہو گیا جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ ایس ایچ او ڈاکس نفیس الرحمن نے بتایا کہ محمد اشرف صنعت کار تھے اور اپنے بیٹے کے ہمراہ اپنی فیکٹری جا رہے تھے کہ حادثہ پیش آیا۔پولیس نے ٹریلر کو قبضے میں لے کر اس کے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے، جو موقع سے فرار ہو گیا تھا۔