امریکہ: 27 سالہ بھارتی خاتون کو قتل، سابق بوائے فرینڈ فرار

امریکہ: 27 سالہ بھارتی خاتون کو قتل، سابق بوائے فرینڈ فرار

امریکہ کی ریاست میری لینڈ میں 27 سالہ بھارتی خاتون نکیتھا گوڈیشالا کو مبینہ طور پر ان کے سابق بوائے فرینڈ نے چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا، جس کے بعد ملزم بھارت فرار ہو گیا۔

ہاورڈ کاؤنٹی پولیس کے مطابق مقتولہ ایلی کاٹ سٹی میں مقیم تھیں اور بطور ڈیٹا اینڈ اسٹریٹجی اینالسٹ کام کر رہی تھیں۔ پولیس کو اطلاع ملی کہ نکیتھا لاپتہ ہیں، جس پر پولیس نے 3 جنوری کو ملزم ارجن شرما کے اپارٹمنٹ پر سرچ وارنٹ پر کارروائی کی۔ اس دوران نکیتھا کی لاش چاقو کے گہرے زخموں کے ساتھ برآمد ہوئی۔ملزم 26 سالہ ارجن شرما، جو مقتولہ کا سابق بوائے فرینڈ ہے، کے خلاف فرسٹ اور سیکنڈ ڈگری قتل کے الزامات کے تحت وارنٹِ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ قتل 31 دسمبر 2025 کو شام تقریباً 7 بجے کے قریب ہوا۔

پولیس کے مطابق ارجن شرما نے 2 جنوری کو رپورٹ جمع کروائی کہ نکیتھا لاپتہ ہیں، لیکن اسی دن وہ بھارت روانہ ہو گئے۔ ابھی قتل کی وجوہات سامنے نہیں آئیں، جبکہ پولیس اور وفاقی قانون نافذ کرنے والے ادارے مل کر ملزم کی گرفتاری کے لیے کام کر رہے ہیں۔اس واقعے نے بھارتی کمیونٹی اور امریکی شہریوں میں تشویش پیدا کر دی ہے، اور پولیس شہریوں سے معلومات فراہم کرنے کی اپیل کر رہی ہے۔