گوجرانوالہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گوجرانوالہ کا دورہ کیا اور شہر میں الیکٹرو بس سروس کے دو روٹس کا افتتاح کردیا۔
ابتدائی طور پر الیکٹرو بسیں چن دا قلعہ سے لوہیانوالہ اور کھیالی سے جنڈیالہ نندی پور کے روٹس پر چلائی جائیں گی۔ شہر میں تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد مجموعی طور پر 74 الیکٹرو بسیں چلانے کا منصوبہ ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ کوریڈور منصوبے کا بھی جائزہ لیا اور انڈر پاس، ٹنل اور سڑک کا معائنہ کیا۔ انہوں نے منصوبے کی تکمیل کے لیے مارچ کی ڈیڈ لائن مقرر کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی مشکلات کا اندازہ ہے، ماس ٹرانزٹ منصوبے میں مزید تاخیر کی گنجائش نہیں۔مریم نواز شریف نے گوجرانوالہ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی سائٹ کا بھی معائنہ کیا اور تعمیراتی کام جلد شروع کرنے کی ہدایت کی۔بریفنگ کے مطابق کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ 50 کنال اراضی پر تعمیر کیا جائے گا، جہاں 268 بستروں کی سہولت دستیاب ہوگی۔ منصوبے میں ایمرجنسی، سی سی یو، آئی سی یو، جدید آپریشن تھیٹرز، انجیوگرافی کیتھ لیبز، سی ٹی اسکین، الٹراساؤنڈ اور گاما کیمرہ سمیت مختلف طبی سہولیات شامل ہوں گی۔
انسٹیٹیوٹ میں 3 ٹیسلا ایم آر آئی، الٹرا فاسٹ سی ٹی اسکینر، دو سنگل پلین اور ایک بائی پلین انجیوگرافی مشین، چار ماڈیولر آپریشن تھیٹرز اور چار ہارٹ لنگ مشینیں بھی فراہم کی جائیں گی۔دورے کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز نے کمسن طلبہ کو دیکھ کر گاڑی رکوا دی۔ انہوں نے ننھے اسد اللہ اور اس کے ساتھی سے شفقت کا اظہار کیا اور بچوں کو سوئیٹس، پھل اور انعامات بھی دیے۔