کھلی کچہری میں آنے والا ہر شہری وی وی آئی پی :ڈی آئی جی فیصل

شہری تھانوں کی سطح پر دادرسی نہ ہونے کی صورت میں میرے دفتر تشریف لائیں
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ کھلی کچہری میں آنے والا ہر شہری وی وی آئی پی ہے۔ بلا تفریق شہریوں کے مسائل سنے اور حل کئے جارہے ہیں۔شہری تھانوں کی سطح پر دادرسی نہ ہونے کی صورت میں میرے دفتر تشریف لائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کھلی کچہری میں شرکت کی۔ شہریوں نے ڈی آئی جی آپریشنز کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ فیصل کامران نے بذریعہ ویڈیو لنک متعلقہ افسران کو احکامات صادر کئے۔ کھلی کچہری میں آنے والے شہریوں کو مختلف نوعیت کے معاملات پر متعلقہ فورم بارے بھی آگاہی دی گئی۔ بہن کی بھائیوں کے خلاف وراثتی جائیداد پر قبضہ کی درخواست پر ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس پی اقبال ٹاؤن فریقین میں مصالحت کروانے کی ہدایت کی۔ شہری کی دکان ملازم کی جانب سے تشدد کی شکایت پر ایس ایچ او شاہدرہ کو کارروائی کا حکم دیا گیا۔ شہری کاالزام علیہ کی جانب سے دیئے گیا 5لاکھ روپے مالیت کا چیک ڈس آنر ہونے کی درخواست پر ایس ایچ او برکی کودستاویزات کی روشنی میں کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ اسی طرح خاتون سائلہ کی بھتیجوں کے خلاف وراثتی جائیداد نہ دینے کی درخواست پر ایس ایچ او اسلامپورہ کوقانونی مددفراہم کرنے اورمصالحت کروانے کی ہدایت کی گئی۔