ہیٹ ویو سے شہریوں کے بچاؤ کیلئے سیکرٹری ہاؤسنگ کی ہدایات جاری

ہیٹ ویو سے شہریوں کے بچاؤ کیلئے سیکرٹری ہاؤسنگ کی ہدایات جاری

لاہور: ہیٹ ویو اور شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر شہریوں کے تحفظ اور سہولت کے لیے سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

سیکرٹری ہاؤسنگ نے ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر میں تمام فلٹریشن پلانٹس کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے تاکہ شہریوں کو ہر وقت صاف اور معیاری پینے کا پانی میسر آ سکے۔ انہوں نے فلٹریشن پلانٹس کے فلٹرز کی بروقت تبدیلی کو بھی یقینی بنانے کی تاکید کی ہے تاکہ پانی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔نورالامین مینگل نے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطہ مضبوط رکھنے اور فیلڈ ٹیموں کو اپنے اپنے اضلاع میں فلٹریشن پلانٹس کی مسلسل اور مؤثر مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہیٹ ویو کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے دوران شہریوں کی سہولت اور تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں اور متعلقہ ادارے ہائی الرٹ رہیں۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ہیٹ ویو کے دوران غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ سے زیادہ پانی پئیں، ہلکے رنگ کے کپڑے استعمال کریں اور ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔