پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہیٹ ویو سے نمٹنے کیلئے ہدایت نامہ جاری

پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہیٹ ویو سے نمٹنے کیلئے ہدایت نامہ جاری

ویب ڈیسک: موسم گرما کے دوران درجہ حرارت میں اضافے اور ہیٹ ویو کے خدشے کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے متعلقہ اداروں کو گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو جاری کردہ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ رواں ماہ پنجاب میں درجہ حرارت میں 4 سے 7 ڈگری تک اضافے کا امکان ہے، خاص طور پر جنوبی پنجاب اور میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے، عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لئے حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنرز کو عوامی مقامات پر ہیٹ ویو سے بچاؤ کی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ہدایت نامے میں شہریوں کو ہیٹ ویو کے خطرات سے آگاہ کرنے کے لیے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے آگاہی مہم چلانے کا بھی کہا گیا ہے۔عوامی مقامات، بس اڈوں، ریلوے اسٹیشنوں اور سکولوں میں ہیٹ ویو سے بچاؤ کی معلومات فراہم کرنے کے لیے بینرز، فلیکسز اور ہیلپ لائن نمبرز کے ذریعے آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے محکمہ سکول ایجوکیشن کو بچوں کی آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ ساتھ ہی محکمہ صحت کو ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹر قائم کرنے اور ابتدائی طبی امداد کے لیے ضروری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، دھوپ میں سر ڈھانپ کر رکھنے اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی بھی ترغیب دی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھنے کی اپیل کی ہے اور دل کے مریضوں کو دھوپ میں نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔