ہیٹ ویو کی شدت جاری، شہریوں کا حال خراب، محکمہ موسمیات کا الرٹ

ہیٹ ویو کی شدت جاری، شہریوں کا حال خراب، محکمہ موسمیات کا الرٹ

ویب ڈیسک:شہر میں جاری ہیٹ ویو کی لہر کی شدت کے باعث شہریوں کو شدید گرمی اور حبس کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یہ ہیٹ ویو 28 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔آج شہر کا درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم حبس کی وجہ سے 43 ڈگری جیسی شدید گرمی محسوس ہو رہی ہے۔ ہوائیں تقریباً 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آگاہ کیا ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

 ہیٹ اسٹروک کیا ہے؟
ہیٹ اسٹروک ایک شدید جسمانی حالت ہے جو زیادہ گرم موسم، گرم ہوا اور سورج کی تپش کے باعث جسم کا درجہ حرارت بہت زیادہ بڑھنے پر پیدا ہوتی ہے۔ اس حالت میں جسم پسینہ آنا بند کر دیتا ہے، جو کہ جسم کو ٹھنڈا رکھنے کا ایک قدرتی طریقہ ہے۔زیادہ دیر تک گرم دھوپ میں رہنے یا کام کرنے سے ہیٹ اسٹروک ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ خاص طور پر وہ افراد جو ہائی بلڈ پریشر، دل، دماغ، گردے یا معدے کی بیماریوں میں مبتلا ہوں، ان کے لیے یہ خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ہیٹ اسٹروک ایک ہنگامی طبی حالت ہے اور متاثرہ شخص کو فوری طور پر ہسپتال لے جانا بہت ضروری ہوتا ہے تاکہ بروقت علاج کیا جا سکے اور مزید پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔

 حفاظتی اقدامات:
زیادہ گرم موسم میں باہر نکلتے وقت پانی زیادہ پیئں۔دھوپ میں براہِ راست نمائش سے گریز کریں۔ہلکے اور ڈھیلے کپڑے پہنیں۔شدید گرمی میں جسم کو ٹھنڈا رکھنے کی کوشش کریں۔شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ ہیٹ ویو کی شدت سے متاثر ہونے والے واقعات سے بچا جا سکے۔