ملک بھر میں شدید ہیٹ ویو کا الرٹ، عوام کے لیے اہم ہدایات جاری

ملک بھر میں شدید ہیٹ ویو کا الرٹ، عوام کے لیے اہم ہدایات جاری

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں ہیٹ ویو سے متعلق نیا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے مطابق اینسو اور آئی او ڈی کی صورتحال تاحال نیوٹرل ہے۔

 ہیٹ ویو کے سبب ملک کے بیشتر میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں آنے کا خدشہ ہے، خاص طور پر جنوبی پنجاب، بالائی سندھ اور بلوچستان کے علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہو سکتا ہے، اور میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 43 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو شدید گرمی میں غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، کیونکہ ہیٹ ویو صحت کے مسائل میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔ بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کو خاص احتیاط برتنے کی نصیحت کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں، 27 اپریل سے 29 اپریل کے دوران بالائی علاقوں میں بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی متوقع ہے۔ یکم مئی کے بعد دوبارہ گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہیٹ ویو کی صورتحال وقفے وقفے سے جاری رہ سکتی ہے۔عوام سے کہا گیا ہے کہ پانی کا زیادہ استعمال کریں، ٹھنڈی جگہوں پر رہیں، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔