پنجاب حکومت کی سموگ سے بچاؤ کے لیے شہریوں کو ہدایات جاری

پنجاب حکومت کی سموگ سے بچاؤ کے لیے شہریوں کو ہدایات جاری

پنجاب حکومت نے سموگ کے پیش نظر شہریوں کے لیے اہم ایڈوائزری جاری کر دی ہے تاکہ فضائی آلودگی کو کم کیا جا سکے اور صحت کے خطرات سے بچا جا سکے۔

محکمہ ماحولیات کے مطابق، سموگ نگرانی اور پیشگی سسٹم کے تحت صبح 9 بجے لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 123 ریکارڈ کیا گیا، جو کہ معتدل سطح کا ہے۔ تاہم، سڑکوں پر ٹریفک کے دباؤ کی وجہ سے فضائی آلودگی میں معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کی وجہ صبح کے وقت درجہ حرارت میں کمی اور دھوئیں کے اخراج ہیں، جو زمین کے قریب جمع ہو کر فضائی معیار کو متاثر کرتے ہیں۔اس سلسلے میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ "کلین اینڈ گرین پنجاب" کے ویژن میں حکومت کا ساتھ دیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر سموگ کنٹرول کے لیے مربوط پلان پر عمل درآمد جاری ہے۔ ایڈوائزری میں شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ٹریفک کے رش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اپنی گاڑیوں کی بروقت مینٹیننس کریں اور انجن کو سگنل پر بند رکھیں تاکہ فضائی آلودگی میں کمی آئے۔ فضول ایندھن کے استعمال سے بھی بچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ، موٹر سائیکل سواروں کو بھی خصوصی ماسک استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ وہ خود کو محفوظ رکھ سکیں۔ سکول اور دفاتر کے اوقات کار میں معمولی ردوبدل کر کے رش کو کم کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ سڑکوں پر مؤثر مانیٹرنگ کی جا سکے اور فضائی آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔یہ اقدامات شہریوں کی صحت اور ماحول کو بہتر بنانے کے لیے اہم ہیں اور حکومت کی جانب سے فضائی معیار کو بہتر بنانے کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہیں۔