بلوچستان میں ٹریفک حادثات میں خطرناک اضافہ، 6 ماہ میں 239 اموات، ہزاروں زخمی

بلوچستان میں ٹریفک حادثات میں خطرناک اضافہ، 6 ماہ میں 239 اموات، ہزاروں زخمی

بلوچستان میں ٹریفک حادثات کی شرح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، جہاں صرف رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران 239 قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، جبکہ ہزاروں افراد زخمی یا مستقل معذور ہو چکے ہیں۔

میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس سینٹر (MERC) کی جاری کردہ ششماہی رپورٹ کے مطابق جنوری سے جون 2025 تک 12,110 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے۔ ان حادثات میں 239 افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق:

N-25 وندر کے مقام پر 724 حادثات ہوئے، جن میں 952 افراد زخمی اور 25 جان کی بازی ہار گئے۔
ژوب (N-50) پر سب سے زیادہ 4,201 حادثات رپورٹ ہوئے۔
N-25 خضدار ٹراما سینٹر میں 2,412 حادثات درج کیے گئے۔
جون 2025 میں ٹریفک حادثات کی شدت مزید بڑھی، جہاں:

2,454 حادثات میں 3,449 افراد زخمی اور 51 افراد جاں بحق ہوئے۔
سب سے زیادہ حادثات خضدار، ژوب، سبی اور پشین میں رپورٹ ہوئے۔
صرف 4 جولائی کے دن 69 حادثات پیش آئے، جن میں 97 افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق سال 2024 کے دوران مجموعی طور پر 20,300 ٹریفک حادثات میں 471 اموات ہوئیں، جبکہ 17,500 سے زائد افراد زخمی یا مستقل معذور ہوئے۔رپورٹ میں ٹریفک حادثات کی بنیادی وجوہات میں تیز رفتاری، خراب سڑکیں، اوورلوڈنگ اور ڈرائیوروں کی تربیت کا فقدان شامل بتایا گیا ہے۔مقامی حکام اور شہری دفاعی اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ اس تشویشناک صورتحال پر قابو پایا جا سکے۔