کوئٹہ: بلوچستان کی قومی شاہراہوں پر 31 اگست 2025ء کو 44 ٹریفک حادثات پیش آئے جن کے نتیجے میں مجموعی طور پر 77 افراد زخمی ہوگئے۔
میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس سینٹر کی رپورٹ کے مطابق، سب سے زیادہ حادثات ژوب اور خضدار کی شاہراہوں پر ہوئے، جہاں بالترتیب 11 اور 10 حادثات رپورٹ ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ قومی شاہراہ این-50 ژوب پر 11 حادثات میں 22 افراد زخمی ہوئے جبکہ این-25 خضدار پر 10 حادثات میں 15 افراد زخمی ہوئے۔ اسی طرح این-25 مستونگ پر 4 حادثات میں 5 افراد زخمی ہوئے۔قومی شاہراہوں این-25 قلات، این-50 زیارت و ژوب، اور این-65 سبی پر دو، دو حادثات رپورٹ ہوئے جن میں مجموعی طور پر 12 افراد زخمی ہوئے۔ مزید برآں، این-25 لسبیلہ، وندر، سرانان، این-50 شیرانی اور سوراب پر ایک، ایک حادثہ پیش آیا۔ اسی طرح این-8 کیچ، این-85 پنجگور، واشک، بارکھان اور این-40 نوشکی پر بھی ایک، ایک حادثہ رپورٹ ہوا جس میں مجموعی طور پر 20 افراد زخمی ہوئے۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ تیز رفتاری، سڑکوں کی خستہ حالی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ان حادثات کی بنیادی وجوہات ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ قومی شاہراہوں کی حالت بہتر کی جائے اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے تاکہ انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔