لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے خصوصی اجلاس میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام اور پنجاب ڈویلپمنٹ پلان پر جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ کو لاہور سمیت پنجاب بھر کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے بتایا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے فیز ون کے 5643 منصوبوں میں سے 2593 مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ لاہور میونسپل کارپوریشن کے 3705 میں سے 2274 منصوبے مکمل کیے گئے۔ واسا کے 252 منصوبوں میں سے 170 کی تکمیل ہو چکی ہے اور مجموعی طور پر واسا سے متعلق 1573 منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے شہری سڑکوں اور گلیوں کی بیوٹیفکیشن کی بھی ہدایت کی اور فیز ون کی تکمیل کے لیے نومبر 2025 کی ڈیڈلائن مقرر کی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ فیز ٹو میں علامہ اقبال، واہگہ اور عزیز بھٹی ٹاؤن کی 146 سکیمیں شامل ہیں۔
پنجاب کے دیگر شہروں کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی رپورٹ پیش کی گئی۔ 189 شہروں میں سڑکوں، گلیوں، نکاسی آب اور دیگر انفراسٹرکچر کی تعمیر و مرمت کی جا رہی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 66 شہروں میں انتہائی خراب حالت والے علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر ترقی دی جائے گی، جہاں واٹر ٹینک اور ڈرین ڈسپوزل اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ:"پنجاب کا کوئی شہر ترقی کے ثمرات سے محروم نہیں رہے گا۔ ہم ہر شہر کو خوبصورت اور جدید بنائیں گے۔"یہ منصوبہ صوبے بھر میں شہری سہولیات کی فراہمی، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور عوامی زندگی کو آسان بنانے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔