واشنگٹن (آئی این پی )ہاٹ میل کے شریک بانی صبیر بھاٹیا نے انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی مدراس کے ڈائریکٹر وی کاماکوٹی کے ایک پرانے ویڈیو بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے تعلیمی اداروں کی ساکھ پر سوالات اٹھاتے ہوئے انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ ویڈیو رواں سال کے آغاز میں وائرل ہوئی تھی، جس میں وی کاماکوٹی نے عجیب دعویٰ کیا تھا کہ گائے کا پیشاب اینٹی بیکٹیریل، اینٹی فنگل خصوصیات کا حامل ہے اور یہ ہاضمے میں بھی مددگار ہے۔اس ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے ہاٹ میل کے شریک بانی صبیر بھاٹیا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ آئی آئی ٹی مدراس کے ڈائریکٹر کی وائرل ویڈیو دیکھ کر حیرت زدہ ہوں اگر تعلیم یافتہ قائدین ایسی باتیں کریں تو ہم اشرافیہ اداروں کے فیصلوں پر کیسے بھروسہ کریں؟۔بھاٹیا کے اس تبصرے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کا آغاز ہوگیا۔