نئی دہلی (آئی این پی) بھارت میں واقع قدیم علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملی جس کے بعد انتظامیہ میں ہلچل مچ گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی کو گذشتہ روز ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی جس میں دو لاکھ روپے ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا اور مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں یونی ورسٹی کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی۔اس دھمکی آمیز ای میل کے ساتھ ہی یونی ورسٹی انتظامیہ میں ہلچل مچ گئی اور فوری طور پر پولیس اور دیگر حکام کو اطلاع دی گئی۔ پولیس، انسداد دہشتگردی کی ٹیم اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے جامعہ کی مکمل تلاشی لی لیکن کوئی دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔تاہم اس دھمکی کے بعد یونی ورسٹی کیمپس میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔