پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ق) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان ہمیشہ بہترین ورکنگ ریلیشن شپ رہی ہے اور دونوں جماعتوں نے ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لیے اہم اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔
یہ بات انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما علی حیدر گیلانی سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں علی حیدر گیلانی نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی جانب سے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔علی حیدر گیلانی کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت حسین سے پیپلز پارٹی کے دیرینہ تعلقات اور باہمی احترام کا رشتہ قائم ہے، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یوسف رضا گیلانی جلد خود چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کے لیے حاضر ہوں گے۔
اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق) نے مختلف ادوار میں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر جمہوری اقدار کے فروغ، سیاسی استحکام اور پارلیمانی نظام کی مضبوطی کے لیے کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی معاملات میں باہمی مشاورت اور تعاون جمہوریت کی مضبوطی کے لیے ناگزیر ہے۔
چوہدری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ یوسف رضا گیلانی سے ان کے دیرینہ اور خوشگوار مراسم ہیں اور وہ بھی اس ملاقات کے منتظر ہیں۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔