آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے دوسرے مرحلے کے انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ایل اے 27 مظفرآباد ون سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار نورین عارف جبکہ ایل اے 28 مظفرآباد ٹو سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار بازل علی نقوی کامیاب قرار پائے ہیں۔
یاد رہے کہ مظفرآباد ڈویژن کے حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد ون اور ایل اے 28 مظفرآباد ٹو کے مجموعی طور پر 57 پولنگ اسٹیشنز پر 2 اگست کو خراب موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پولنگ ملتوی کر دی گئی تھی، جس کے بعد دوسرے مرحلے میں ووٹنگ مکمل کرائی گئی۔حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد ون کے تمام 197 پولنگ اسٹیشنز کے مکمل غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی نورین عارف نے 18 ہزار 919 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی، جبکہ استحکامِ پاکستان پارٹی کے سردار تبارک علی 18 ہزار 621 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔اسی طرح ایل اے 28 مظفرآباد ٹو کے تمام 174 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے بازل علی نقوی 28 ہزار 170 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوئے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے چوہدری شہزاد 26 ہزار 864 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ان نتائج کے بعد مظفرآباد ڈویژن کی 21 نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) 15 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن گئی ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 6 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔