سید علی گیلانی نے کشمیری عوام کو جدوجہدِ آزادی پر ثابت قدم رکھا:صدر آصف زرداری

سید علی گیلانی نے کشمیری عوام کو جدوجہدِ آزادی پر ثابت قدم رکھا:صدر آصف زرداری

ویب ڈیسک: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی چوتھی برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ گیلانی مرحوم نے اپنی پوری زندگی کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کے لیے وقف کر دی۔

اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ بھارتی ظلم و ستم، سید علی گیلانی کے عزم اور جرات کو کبھی متزلزل نہ کر سکے۔ ان کی جدوجہد اور مؤقف نے کشمیری عوام کو تحریکِ آزادی میں ثابت قدم رکھا اور ان کے خون کا نذرانہ آزادی کی تحریک کو ہمیشہ زندہ رکھے گا۔آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ہر عالمی فورم پر ان کا مقدمہ پیش کرتا رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی جبر اور ریاستی مظالم کشمیری عوام کے حوصلے کمزور نہیں کر سکتے۔صدرِ مملکت نے زور دیا کہ کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت ملنا چاہیے، جو ان کا بنیادی اور ناقابلِ تنسیخ حق ہے۔