15 پر جھوٹی اطلاع دینے وا لا سیلز مین گرفت میں آ گیا

 تفتیش کے دوران سیلز مین عامر سے مبینہ طور پر لوٹی گئی رقم بھی برآمد 
لاہور (کرائم رپورٹر) گلشن راوی پولیس نے 15 پر جھوٹی واردات کی اطلاع دینے والے سیلز مین کو گرفتار کر لیاپولیس کے مطابق نجی کمپنی میں کام کرنے والے سیلز مین عامر نے کمپنی کی رقم ہتھیانے کے لیے پولیس ہیلپ لائن 15 پر جھوٹی کال کی۔سیلز مین عامر نے پولیس کو اطلاع دی کہ نامعلوم ڈاکو گن پوائنٹ پر اس سے رقم چھین کر فرار ہو گئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی گلشن راوی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور کارروائی کا آغاز کیا۔ ایس پی اقبال ٹاؤن کے مطابق پولیس کی بروقت کارروائی اور ابتدائی تفتیش کے دوران ہی واقعہ جھوٹا ثابت ہو گیاایس پی ڈاکٹر محمد عمر نے بتایا کہ تفتیش کے دوران سیلز مین عامر سے مبینہ طور پر لوٹی گئی رقم بھی برآمد کر لی گئی۔ ملزم عامر گارڈن ٹاؤن کا رہائشی ہے اور ایک نجی کمپنی میں سیلز مین کے طور پر کام کرتا تھا۔ پولیس کے مطابق وقت اور حالات کے تناظر میں ملزم نے رقم چھپانے کے لیے 15 پر جھوٹی کال کی۔پولیس نے سیلز مین عامر کے خلاف جھوٹی اطلاع دینے کے الزام میں مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے۔ ایس پی ڈاکٹر محمد عمر نے گلشن راوی پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پولیس ہیلپ لائن پر غلط اور جھوٹی اطلاع دینے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں درست معلومات فراہم کریں تاکہ پولیس فوری اور مؤثر کارروائی کر سکے۔