پنجاب میں مغربی ہواؤں کا سسٹم داخل، 20 سے 23 جنوری تک بارش کا امکان

پنجاب میں مغربی ہواؤں کا سسٹم داخل، 20 سے 23 جنوری تک بارش کا امکان

آج سے مغربی ہواؤں کا سسٹم پنجاب میں داخل ہو گیا ہے، جس کے باعث 20 سے 23 جنوری کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، سرگودھا، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کے مطابق کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ضلعی انتظامیہ، لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت اور ریسکیو 1122 کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پولیس، فاریسٹ، سی اینڈ ڈبلیو، ٹورازم اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات کے مطابق تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کیے جائیں، ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملہ 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے اور ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے۔انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، جبکہ مری جانے والے سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔