محکمہ موسمیات کے مطابق، مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ 2 مئی سے ملک میں داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں 2 سے 5 مئی کے دوران شہر میں تیز ہواؤں، آندھی اور بارش کا امکان ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں وقتی کمی آئے گی، مگر 5 مئی کے بعد دوبارہ گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر میٹ کے مطابق، مئی اور جون سال کے سب سے گرم مہینے ہوں گے، اور مئی کے آخری 10 دنوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ لاہور میں ہیٹ ویو اور ہیٹ سٹروک کا خطرہ موجود ہے، اس لیے شہریوں کو دن کے دوران دھوپ میں غیر ضروری نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 30 فیصد ہے، اور ہواؤں کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دوپہر کے وقت سورج کی تیز شعاعوں کے باعث گرمی میں اضافہ محسوس کیا جائے گا، لیکن شام کو ہواؤں کے چلنے سے موسم کچھ بہتر ہو جائے گا۔ محکمہ موسمیات نے آج بھی شہر میں 30 فیصد تک بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔