ویب ڈیسک: لاہور سمیت شہر میں بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہر کا درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا ہے، اور درجہ حرارت 17 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق ہوا کی رفتار 17 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 200 ریکارڈ ہونے کے بعد لاہور فضائی آلودگی کی عالمی درجہ بندی میں چوتھے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔دوسری جانب ملک میں بارشوں کے ایک اور سپیل کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے تحت آج سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہوگا۔ پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جب کہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برسنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ حیدرآباد اور سکھر میں بھی بارش کا امکان پیدا ہو گیا ہے، جس سے ملک کے مختلف حصوں میں موسم خوشگوار اور سرد ہو سکتا ہے۔