محسن نقوی میرے بیٹے بلاول کے بعد دوسرے بیٹے کی مانند ہیں آصف علی زرداری

 صدر زرداری کی بحرینی وزیر داخلہ سے ملاقات، سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال‘ انسداد دہشتگردی میں شراکت داری مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
  اسلام آباد ( آن لائن )صدرِ پاکستان آصف علی زرداری  نے بحرین کے وزیر داخلہ کے ساتھ ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی اور انسداد دہشتگردی تعاون کو مزید مضبوط بنانے  پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ملاقات کے دوران بحرینی وزیر داخلہ نے صدر زرداری کے سامنے وفاقی وزیر داخلہ  محسن نقوی  کے کردار کو خصوصی طور پر سراہا اور دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ دینے میں ان کی کوششوں کا ذکر کیا۔ اس موقع پر صدر زرداری نے بھی محسن نقوی کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ‘‘محسن نقوی میرے بیٹے بلاول کے بعد دوسرے بیٹے کی مانند ہیں۔دونوں ممالک نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ اقدامات اور منظم جرائم کے خلاف حکمت عملی  کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان-بحرین شراکت داری علاقائی سلامتی کے لیے نہایت اہم  ہے اور عملی اقدامات کے ذریعے تعاون بڑھایا جائے گا۔صدر زرداری اور بحرینی وزیر داخلہ نے ملاقات میں اس امر پر بھی اتفاق کیا کہ  سیکیورٹی تعاون کے شعبے میں عملی اقدامات کو مسلسل جاری رکھا جائے  تاکہ دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشتگردی اور منظم جرائم کے خلاف تعاون مزید موثر ہو۔