خواجہ آصف‘حنیف عباسی‘اویس لغاری‘یوسف رضا گیلانی‘سردار ایازصادق‘عطاء تارڑ‘شزا فاطمہ‘طارق فاطمی‘بیرسٹرعقیل ملک اور سیکرٹری سینیٹ و داخلہ کو بھی تحائف ملے
تحائف میں قیمتی گھڑیاں، ڈیکوریشن پیسز، پینٹنگ، پرفیوم، شیلڈز، کارپٹ، ٹی سیٹ، رائفل، وال کلاک، باول، پین اور ڈائری سمیت دیگر تحائف شامل ہیں:کابینہ ڈویژن
اسلام آباد(آئی این پی )کابینہ ڈویژن نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی جولائی تا ستمبر 2025 کا توشہ خانہ ریکارڈ جاری کردیا۔ رپورٹ کے مطابق جولائی تا ستمبر 2025 کی سہ ماہی میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیرداخلہ محسن نقوی، وزیرریلویز حنیف عباسی اور وزیر بجلی اویس لغاری تحائف وصول کرنے والوں کی فہرست کاحصہ ہیں۔اسی دوران چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، سیکریٹری سینیٹ، وزیراطلاعات عطاتارڑ، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک اور سیکریٹری داخلہ سمیت دیگر کو تحائف ملے۔کابینہ ڈویژن کے ڈیٹا کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے تحائف میں قیمتی گھڑیاں، ڈیکوریشن پیسز، پینٹنگ، پرفیوم، شیلڈز، کارپٹ، ٹی سیٹ، رائفل، وال کلاک، باول، پین اور ڈائری سمیت دیگر تحائف شامل ہیں۔کابینہ ڈویژن کی دستاویزات کے مطابق جولائی تا ستمبر 2025 میں وصول کنندگان نے تمام تحائف توشہ خانہ میں جمع کروائے جب کہ کابینہ ڈویژن وصول شدہ تحائف کا تخمینہ کروارہا ہے جس کا عمل ابھی جاری ہے۔رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران وزیراعظم شہبازشریف کو سب سے زیادہ تحائف ملے، کابینہ ڈویژن نے فہرست سے تحائف دینے والوں کے نام کا خانہ نکال دیا۔گذشتہ مالی سال کی آخری ششماہی جنوری سے جون 2025 تک کی فہرست میں تحائف دینے والی غیر ملکی و ملکی شخصیات کا خانہ شامل تھا۔