صدر سے وفاقی وزیر داخلہ کی بلاول ہائو س کراچی میں ملاقات، دونوں رہنمائوں کے درمیان صوبوں میں پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی
صدر مملکت کا پنجاب حکومت کے بیانات اور حکومتی ترجمان کے الزامات پراظہار تشویش ، پیپلز پارٹی رہنمائوں کو بھی حالیہ صورتحال میں محتاط گفتگو کا مشورہ ‘وزیرداخلہ آج وزیر اعظم سے ملیں گے
کراچی(آئی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی کم کرنے کیلئے بیک ڈور رابطوں میں تیزی آگئی۔ذرائع کے مطابق صدر آصف زرداری سے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بلاول ہائو س کراچی میں ملاقات کی، جس میں دونوں رہنمائوں کے درمیان صوبوں کے درمیان پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں صدرِ مملکت نے وفاقی وزیرِ داخلہ کو موجودہ سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لئے فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔علاوہ ازیں، وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے صدر کو ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی اور مختلف صوبوں کے درمیان رابطوں کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں پنجاب کی نگران حکومت کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی خفگی، بعض بیانات اور انتظامی اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔صدر آصف علی زرداری نے وزیرِ داخلہ کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی سطح پر ہم آہنگی بڑھانے کیلئے اپنا سیاسی کردار ادا کریں۔ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے پنجاب حکومت کے بیانات اور حکومتی ترجمان کے الزامات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔صدر مملکت نے پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کو بھی حالیہ صورتحال میں محتاط گفتگو کا مشورہ دیا ہے۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی وزیراعظم شہباز شریف سے آج (بدھ کو)ملاقات کریں گے، جس میں مریم نواز کے حالیہ بیانات اور پنجاب حکومت کے موقف پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔