فی من گندم کی قیمت 3,700 سے بڑھ کر 4,400 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ،راولپنڈی میں گندم کا فی من ریٹ 4,800 روپے تک پہنچ گیا
گوجرانوالہ‘گجرات‘بہاولپور‘ڈی جی خان میں گندم کی قیمت بڑھ گئی‘ قلت نے گندم مہنگی کر دی، جس کی وجہ سے آٹا مہنگا ہو رہا ہے:چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن
لاہور(آئی این پی )لاہور سمیت صوبہ پنجاب بھر میں گندم کے ریٹس میں 700 روپے کا اضافہ ہو گیا ۔گزشتہ دس روز کے دوران فی من گندم کی قیمت 3,700 روپے سے بڑھ کر 4,400 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے، راولپنڈی میں گندم کا فی من ریٹ 4,800 روپے تک پہنچ گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق لاہور میں گندم کا فی من ریٹ 4,450 روپے ہو گیا ہے جبکہ لاہور کے متعدد علاقوں میں سرکاری 10 اور 20 کلو آٹے کا تھیلا نایاب ہے، 15 کلو آٹے کا تھیلا 15 سو روپے سے بڑھ 17سو 50 روپے میں فروخت ہونے لگا ہے۔گوجرانوالہ اور گجرات میں گندم کا فی من ریٹ 45 سو روپے، ملتان میں 44 سو 50 روپے، بہاولپور اور ڈی جی خان میں گندم کا فی من ریٹ 44 سو روپے ہو گیا ہے۔اسلام آباد میں گندم کا فی من ریٹ 44 روپے تک پہنچ گیا ہے، مرکزی چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا کا کہنا ہے کہ گندم کی قلت نے گندم مہنگی کر دی، جس کی وجہ سے آٹا مہنگا ہو رہا ہے۔