گندم مہنگی، آٹے کے 10اور 20کلو کے تھیلے غائب

راولپنڈی 4700،کراچی، پشاور میں 5ہزار روپے من گندم فروخت
15کلو آٹے کا تھیلا 2150روپے، سادہ روٹی 20 سے 25تک بکنے لگے
لاہور (خصوصی رپورٹ)گندم کی فی من قیمت 3800روپے کے نوٹیفکیشن سیبھی گندم سستی نہ ہو سکی، لاہور کی اوپن مارکیٹ میں گندم 4615 روپے من فروخت ہونے لگی ،راولپنڈی میں گندم کی قیمت 4700روپے من تک پہنچ گئی، اسلام آباد میں گندم 4800 روپے من فروخت ہورہی ہے۔کراچی اور پشاور میں ریٹ 5 ہزار روپے من تک پہنچ گیا۔گندم مہنگی ہونے سے لاہور میں دس کلو آٹے کے تھیلے کی سپلائی ایک لاکھ بوری کم ہوگئی،لاہور میں یومیہ دس کلو آٹے کے تھیلے کی طلب دو لاکھ 20ہزار ہے، یوں متعدد سٹوروں پر 10کلو اور 20کلو کے تھیلے نایاب ہوگئے، جبکہ 15کلو کا تھیلا 2150 روپے میں بیچا جارہا ہے۔ آٹا مہنگا ہونے سے سادہ روٹی کی قیمت20 روپے سے 25 روپے میں بیچے جارہی ہے۔سیکرٹری فوڈ ڈاکٹر کرن خورشید نے کہا مصنوعی مہنگائی کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے بہت جلد گندم اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام آئے گا۔