ویب ڈیسک: لاہور میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے اور منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے لئے ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، لاہور کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کی نگرانی مسلسل جاری ہے، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں استحکام برقرار ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے اضافی قیمت وصولی پر سخت کارروائی کرتے ہوئے 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے اور 6 ایف آئی آرز درج کی ہیں۔ مزید برآں، 15 وارنگز بھی جاری کی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے منافع خوروں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ہدایت کی ہے اور اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو مسلسل نگرانی اور کارروائیاں کرنے کی ہدایت دی ہے۔ سرکاری ریٹ لسٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کی مسلسل نگرانی سے آلو، ٹماٹر کی قیمتوں میں استحکام برقرار ہے جبکہ اروی، بھنڈی، گاجر، پالک، گھیا، شملہ مرچ اور لہسن کی قیمتوں میں بھی استحکام پایا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے اس حوالے سے کہا کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور کسی بھی صورت میں زیادہ قیمت وصول کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔