کورنگی میں رینجرز اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی، فتنہ الہندوستان کے 3 مبینہ سہولت کار گرفتار

کورنگی میں رینجرز اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی، فتنہ الہندوستان کے 3 مبینہ سہولت کار گرفتار

سندھ رینجرز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کورنگی چکرا گوٹھ میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مبینہ کالعدم تنظیم "فتنہ الہندوستان" کے 3 انتہائی مطلوب سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا۔

رینجرز حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں یاسر عرفات، خدا بخش اور زاہد حسین عرف بارکزئی شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے 5 کلو بارودی مواد، 10 میٹر پرائما کارڈ، 3 ڈیٹونیٹرز اور ایک کلو بال بیرنگ برآمد کیے گئے۔حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے انتہا پسندی پر مبنی لٹریچر کے 250 بکس اور ایک لیپ ٹاپ بھی برآمد ہوا۔ گرفتار افراد مختلف کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلبہ کو کالعدم تنظیم میں شامل کرنے کے لیے ذہن سازی کرتے اور انتہا پسندانہ مواد فراہم کرتے تھے۔رینجرز کے مطابق ملزمان نے کراچی کے حساس مقامات پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے لیے بارودی مواد خفیہ ٹھکانے پر چھپا رکھا تھا۔ گرفتار افراد کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔