کراچی کے علاقے کورنگی صنعتی ایریا میں ایک پولیس اہلکار پر خاتون کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا گیا ہے، تاہم مقدمہ درج ہونے کے باوجود ملزم تاحال گرفتار نہیں ہوسکا۔
متاثرہ خاتون کے مطابق واقعے کے بعد درخواست دینے کے باوجود 7 روز بعد مقدمہ درج کیا گیا۔ خاتون نے پولیس پر اپنے پیٹی بھائی کو بچانے کی کوشش کا الزام بھی عائد کیا ہے۔مقدمے کے مطابق نامزد پولیس اہلکار تھانہ کورنگی صنعتی ایریا کے شعبہ آئی ٹی میں تعینات ہے۔ متاثرہ خاتون ملزم کی اہلیہ کی دوست بتائی جاتی ہے اور اس کا مؤقف ہے کہ ملزم اسے دھوکے سے اپنے گھر لے گیا، جہاں اس کی اہلیہ موجود نہیں تھی۔خاتون کے الزام کے مطابق ملزم نے اسلحے کے زور پر مبینہ زیادتی کی کوشش کی اور بعد ازاں اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔ متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ ملزم کی جانب سے واٹس ایپ کالز کے ذریعے بھی دھمکیاں دی گئیں۔متاثرہ خاتون نے مزید دعویٰ کیا کہ کئی روز گزرنے کے باوجود پولیس کی جانب سے اس کا میڈیکل بھی نہیں کروایا گیا، جس پر اس نے پولیس کے تفتیشی عمل پر سوالات اٹھائے ہیں۔دوسری جانب تفتیشی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔