تمام سیاسی جماعتیں، پاکستانی قوم اپنی پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہوئی اور اللہ نے کامیابی نصیب فرمائی
ٹیکسلا(آئی این پی )گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ ہمارے سپہ سالار نے پاکستان اور پاکستانی عوام کا سر فخر سے بلند کر دیا۔گورنرپنجاب نے ٹیکسلا میں جنگ جیتنے کی خوشی میں تقریب کا اہتمام کیا، تقریب میں وفاقی وزیر عقیل ملک،ایم این اے، ایم پی ایز اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی، پاکستان، آرمی چیف پاک فوج اور پاکستانی عوام کے حق نعرے لگائے۔گورنرپنجاب نے قومی پرچم ساتھ ساتھ رکھا، سردار سلیم حیدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سپہ سالار نے کہا تھا کہ جو مرضی ہو جائے میں ایک بار انڈیا کو ہٹ کروں گا تو پھر راضی نامے کی طرف جائوں گا۔گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھاکہ تمام سیاسی جماعتیں، پاکستانی قوم اپنی پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہوئی اور اللہ نے کامیابی نصیب فرمائی، میری قوم سے اپیل ہے کہ شکرانے کے نوافل ادا کریں۔