وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر آسٹریا پہنچ گئے

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور طارق فاطمی وزیرِ اعظم کے ہمراہ پاکستانی وفد میں شریک ہیں
اسلام آباد( آئی این پی)وزیرِ اعظم شہباز شریف آسٹریا کے چانسلر کرسچیئن اسٹاکر کی دعوت پر 2 روزہ سرکاری دورے پر ویانا، آسٹریا پہنچ گئے۔نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی وزیرِ اعظم کے ہمراہ پاکستانی وفد میں شریک ہیں۔وزیرِ اعظم ویانا میں فیڈرل چانسلری میں کرسچئین اسٹاکر سے دو طرفہ و وفود کی سطح پر ملاقات کریں گے۔شہباز شریف اور آسٹرین چانسلر دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے معروف کاروباری افراد کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔بعد ازاں وزیراعظم پاکستان آسٹریا بزنس فور م میں شرکت اور خطاب کریں گے۔وزیرِاعظم ویانا میں اقوام متحدہ کے تحت منعقدہ پائیدار ترقی، عالمی امن و خوشحالی کا راستہ کے موضوع پر خصوصی تقریب میں شرکت و خطاب کریں گے، انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے )کے ڈائریکٹر جنرل سے بھی ملاقات ہوگی۔وزیراعظم کا آسٹریا کا سرکاری دورہ دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ کرے گا۔