شہباز شریف کی آسٹریا کے فیڈرل چانسلر سے جرمن اور کویت کے ولی عہد سے عربی زبان میں گفتگو

نیویارک ( آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیو یارک میں آسٹریا کے فیڈرل چانسلر کرسٹین سٹاکر اور کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک سے ملاقاتوں میں جرمن اور عربی زبان میں گفتگو کی اور ان کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔وزیراعظم آفس  کے ترجمان کے مطابق وزیر اعظم شہباز  شریف کی دونوں رہنمائوں سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر ملاقاتیں ہوئیں۔آسٹریا کے فیڈرل چانسلر کے ساتھ جرمن زبان میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے 1980ء   کے عشرے میں اپنے دورہ آسٹریا کی یادیں تازہ کیں۔  کویت کے ولی عہد کے ساتھ عربی میں بات چیت کرتے ہوئے  وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور کویت کی دیرینہ دوستی اور شراکت داری کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں ممالک کی دوستی کو دائمی و لازوال قرار دیا۔ اس موقع پر قہقہے  بھی لگتے رہے ۔