کراچی: کیماڑی آئل ٹرمینل میں آگ لگنے کے واقعے نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔
پولیس اور فائر بریگیڈ کے حکام کے مطابق آگ ٹرمینل کے خالی آئل ٹینکروں تک پھیل گئی ہے، اور اب تک 3 خالی ٹینکر مکمل طور پر آگ کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری اور فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیاں اور عملہ آگ پر قابو پانے کے لیے مصروف عمل ہیں۔کے پی ٹی ذرائع کے مطابق آگ کی ابتدا آئل ایریا گیٹ نمبر 2 پر موجود ایک آئل ٹینکر سے ہوئی، اور تاحال آگ کے پھیلنے کے خطرے کا امکان ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے تمام تر وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں، اور علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے پولیس نے محدود رسائی اور حفاظتی اقدامات بھی نافذ کر دیے ہیں۔فی الحال کسی جانی نقصان یا بڑے دھماکے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم خطرہ برقرار ہے اور فائر فائٹرز مسلسل آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔