کراچی: کیماڑی فش ہاربر کے قریب دن دیہاڑے غیر ملکی فش ایکسپورٹ کمپنی کے عملے سے ڈیڑھ کروڑ روپے چھیننے کی واردات ہوئی۔
پی کے انٹرنیشنل فوڈز پرائیوٹ لمیٹڈ کے عملے سے موٹر سائیکل سوار چھ مسلح ملزمان نے اسلحے کے زور پر رقم اور سیکیورٹی گارڈ سے اس کا ہتھیار چھین کر فرار ہو گئے۔ واردات کے بعد ایس ایس پی کیماڑی اور دیگر اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کر دی۔ایس ایس پی کیپٹن (ر) فیضان علی کے مطابق، غیر ملکی (کورین) کمپنی کے عملے نے نجی بینک سے ایک کروڑ 56 لاکھ روپے نکلوانے کے بعد گاڑی میں اپنی کمپنی کے گیٹ کے قریب پہنچا ہی تھا کہ ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے اور متاثرہ عملے اور سیکیورٹی گارڈ سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی کیماڑی سے رپورٹ طلب کی اور کہا کہ صنعتی و کاروباری علاقوں میں سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیا جائے، شواہد کی بنیاد پر ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے۔واردات اس وقت ہوئی جب رقم ملازمین کو بونس کے طور پر دی جانی تھی، لیکن ڈکیتی سے پہلے ہی رقم چھین لی گئی۔ پولیس نے مزید تحقیقات کے لیے علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں اور عینی شاہدین سے استفادہ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔