ویب ڈیسک: کراچی کے علاقے کورنگی میں آئل ریفائنری کی گیس پائپ لائن میں لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا، فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ مبینہ طور پر گیس پائپ لائن میں لگنے کے باعث پھیلی، تاہم حتمی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، لیکن آگ کے باعث قریبی علاقوں میں دھواں پھیل گیا، جس سے مقامی رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ فائر فائٹنگ آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی نقصان کا درست اندازہ لگایا جا سکے گا۔فائر بریگیڈ حکام نے اس آگ کو تیسرے درجے کی آگ قرار دیا ہے، اور پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ آگ آئل ریفائنری سے دور لگی ہے، جبکہ سوئی سدرن کا عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا ہے۔فائر آفیسر محمد ظفر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آگ بجھانے کے لیے شہر بھر سے ٹینڈر طلب کر لیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پانی کی پائپ لائن کی بورنگ کے دوران گیس لائن کو نقصان پہنچا، اور آگ پراسرار ہے کیونکہ یہ سمجھ نہیں آ رہا کہ کون سی لائن متاثر ہوئی۔انہوں نے مزید کہا کہ آگ پر پانی پھینکا جا رہا ہے لیکن وہ دوبارہ اڑ کر واپس آ رہا ہے، اور ایس ایس جی سی کے عملے کو طلب کر لیا گیا ہے۔ فائر آفیسر نے یہ بھی کہا کہ کسی ڈمپر یا ہیلی کاپٹر کے ذریعے مٹی پھینکنے کی ضرورت ہو سکتی ہے تاکہ آگ پر قابو پایا جا سکے۔دوسری جانب، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے چیف فائر آفیسر سے رابطہ کر کے ہدایت کی ہے کہ آگ پر فوری قابو پایا جانا چاہیے۔