کراچی: لانڈھی نمبر 4 میں آئل ٹینکر الٹ گیا، سڑک پر تیل پھیلنے سے ٹریفک معطل

کراچی: لانڈھی نمبر 4 میں آئل ٹینکر الٹ گیا، سڑک پر تیل پھیلنے سے ٹریفک معطل

کراچی کے علاقے لانڈھی نمبر 4 میں جمعرات کی صبح افسوسناک حادثہ پیش آیا جب تیز رفتار آئل ٹینکر ڈرائیور سے بے قابو ہو کر پی پی او چورنگی کے قریب الٹ گیا۔

حادثے کے بعد ٹینکر میں موجود بڑی مقدار میں آئل سڑک پر پھیل گیا، جس سے علاقے میں ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز، فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ٹریفک پولیس کے مطابق متاثرہ سڑک کو فوری طور پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا، اور گاڑیوں کو سروس روڈ اور متبادل گلیوں کی طرف موڑ دیا گیا۔خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تاہم، سڑک پر آئل پھیلنے کے باعث پھسلن کا خطرہ پیدا ہو گیا جس سے مزید حادثات کا خدشہ تھا۔ کرین کی مدد سے آئل ٹینکر کو سیدھا کیا گیا، مگر سڑک کی صفائی مکمل ہونے تک اسے دوبارہ نہیں کھولا گیا۔

پولیس اور علاقہ مکینوں نے ریت اور مٹی ڈال کر سڑک کو خشک کرنے کا عمل شروع کیا تاکہ پھسلن کم ہو اور راستہ محفوظ بنایا جا سکے۔حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ علاقے سے گزرنے سے گریز کریں اور متبادل راستے اختیار کریں تاکہ ریسکیو کارروائیاں بغیر رکاوٹ مکمل کی جا سکیں۔