راولپنڈی کے علاقے چک بیلی روڈ پر ایک شدید ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں مزدا ٹرک، کار اور موٹر سائیکل آپس میں ٹکرا گئے۔
حادثے کے نتیجے میں 50 سالہ مسماتہ عائشہ منیر نامی خاتون موقع پر جاں بحق ہوگئیں۔حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 58 سالہ محمد رفیق اور 38 سالہ زاہد عباسی شامل ہیں۔ کار حادثے کے بعد پچک کر رہ گئی تھی، جس کے باعث ریسکیو 1122 نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پھنسے ہوئے افراد کو نکالا۔ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں اور جاں بحق خاتون کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا۔ موٹر سائیکل سوار بھی شدید زخمی ہوا اور علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثے کی وجہ سے علاقے میں ٹریفک کچھ دیر کے لیے معطل رہی۔تفتیش کار حادثے کی مکمل وجہ جانچ رہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ حادثہ کس حد تک ڈرائیونگ کی غفلت یا سڑک کی حالت کی وجہ سے پیش آیا۔