وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے بے گھر صنعتی ورکرز کے لیے نئے تعمیر شدہ 720 فلیٹس کی قرعہ اندازی کا عمل مکمل کر دیا۔
وزیراعلیٰ نے بٹن دباکر قرعہ اندازی کا آغاز کیا اور کامیاب ہونے والے صنعتی کارکنوں کو مبارکباد دی، جس کے بعد 720 ورکرز اپنے نئے گھروں کے مالک بن گئے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ بیوگان اور خصوصی افراد کو قرعہ اندازی کے عمل سے الگ رکھتے ہوئے براہِ راست فلیٹس دیے جائیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صنعتی کارکنوں کے لیے آئندہ 18 ماہ میں 1872 فلیٹس مکمل کیے جائیں گے۔اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے شیخوپورہ میں قائداعظم بزنس پارک میں 700 ورکرز کے لیے بیچلر ہاسٹل تین ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی، جبکہ خصوصی صنعتی کارکنوں کی سہولت اور تحفظ کے لیے گراؤنڈ فلور پر فلیٹس دینے کا حکم دیا گیا۔
اس موقع پر مریم نواز شریف نے ندیم طاہر نامی صنعتی کارکن کو خود فون کر کے مبارکباد دی اور کہا کہ والدین کے ساتھ رہیں کیونکہ ان کی دعاؤں سے ہی فلیٹ ملنا ممکن ہوا۔حکام کے مطابق سندر فیز ٹو میں 672 فلیٹس، ملتان میں 656 اور واربرٹن ننکانہ صاحب میں 544 فلیٹس صنعتی کارکنوں کو فراہم کیے جائیں گے۔اس کے علاوہ جھنگ اور کمالیہ میں بننے والی لیبر کالونیوں میں 2000 صنعتی کارکنوں کو تین مرلے کے مفت پلاٹ دیے جائیں گے، جن میں جھنگ میں 1300 اور کمالیہ میں 700 ورکرز شامل ہیں، اور انہیں انفراسٹرکچر کی ترقی کے بعد پلاٹس الاٹ کیے جائیں گے۔