لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز آج چیف منسٹر فری سولر پینل اسکیم کے تحت قرعہ اندازی کریں گی، جس کے تحت نادار اور کم آمدنی والے صارفین کو مفت سولر سسٹم فراہم کیا جائے گا۔
پنجاب حکومت کا بڑا اقدام
یہ اسکیم بجلی کے بڑھتے ہوئے نرخوں سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے شروع کی گئی ہے۔ گزشتہ سال وزیراعلیٰ مریم نواز نے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سولر پینلز دینے کی اصولی منظوری دی تھی، جسے اب عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔
اسکیم کے نمایاں خدوخال
50 سے 500 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سولر پینلز فراہم کیے جائیں گے۔90 فیصد لاگت پنجاب حکومت برداشت کرے گی، جبکہ 10 فیصد صارف کو ادا کرنا ہوگا۔
سولر پینلز کی ادائیگی پانچ سال کی آسان اقساط میں کی جائے گی۔سردیوں میں اقساط کم رکھی جائیں گی تاکہ صارفین کو مالی بوجھ نہ اٹھانا پڑے۔صارف کی ضرورت کے مطابق سرکاری بجلی اور سولر بجلی کے درمیان شرح کا تعین کیا جائے گا۔
پہلے مرحلے میں غریب گھرانوں کو ترجیح
پنجاب حکومت کے مطابق، اس اسکیم کا پہلا مرحلہ انتہائی غریب اور نادار گھرانوں پر مشتمل ہوگا، جنہیں شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب کیا جائے گا۔یہ اسکیم مہنگی بجلی سے نجات اور قابل تجدید توانائی کو فروغ دینے کے حوالے سے ایک بڑا قدم سمجھا جا رہا ہے، جو لاکھوں افراد کو براہ راست فائدہ پہنچائے گا۔