پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کا اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کی۔
اجلاس میں نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی کی تعمیر نو کے دوسرے مرحلے اور ایل سی سی اے گراؤنڈ کو اوول گراؤنڈ کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں لندن اور نیو یارک میں پی ایس ایل روڈ شوز کی کامیابی پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ان کی ٹیم کی محنت کو سراہا گیا۔ اسی طرح سری لنکن ٹیم کا حالیہ دورہ پاکستان جاری رکھنے پر چیئرمین پی سی بی کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ بی او جی کے اراکین کی جانب سے محسن نقوی سے اظہارِ تشکر کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی گئی۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ سری لنکن دورے کو جاری رکھنے کا کریڈٹ صرف انہیں نہیں بلکہ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اخلاص کے ساتھ محنت کی اور اللہ تعالیٰ نے مدد فرمائی۔ محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل روڈ شوز کی کامیابی پی سی بی اور پی ایس ایل ٹیم کی مشترکہ کامیابی ہے، جبکہ پی ایس ایل کو ایک عالمی برانڈ بنانے کے لیے شبانہ روز محنت کی گئی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پی ایس ایل 11 کے میچز مظفرآباد اسٹیڈیم میں کرانے کی کوشش کی جائے گی۔
محسن نقوی نے مزید بتایا کہ مستقبل میں مظفرآباد اسٹیڈیم میں انٹرنیشنل میچز کے انعقاد کا بھی منصوبہ ہے، جبکہ اسلام آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریجنل سطح پر ایک معروف نجی فرم کی جانب سے کلبز کی اسکرونٹی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔اجلاس میں سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے پی ایس ایل روڈ شوز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ مستقبل کے آئی سی سی ویمنز اور مینز کرکٹ ٹورنامنٹس، ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور نچلی سطح پر ٹورنامنٹس اور میچز کی تعداد میں اضافے کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بورڈ آف گورنرز کے اراکین اسماعیل قریشی، طارق سرور، سجاد علی کھوکھر، انوار غنی، ظہیر عباس، تنویر احمد، ظفر اللہ، مصطفیٰ رمدے اور عدنان ملک نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد، سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر، چیف فنانشل آفیسر اور ڈائریکٹرز انفراسٹرکچر، ڈومیسٹک کرکٹ اور کمرشل بھی اجلاس میں شریک تھے۔