لاہور میں بنگلہ دیش کیخلاف کھیلی جانے والی کرکٹ سیریز کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے لاہور پولیس، پاک فوج، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور پنجاب حکومت کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سربراہی میں حکومت پنجاب نے مثالی معاونت فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی خصوصی دلچسپی اور تعاون سے یہ ممکن ہو پایا کہ سکیورٹی کے تمام پہلوؤں کو بخوبی نمٹایا گیا۔محسن نقوی نے کہا کہ لاہور پولیس سمیت تمام سیکیورٹی اداروں نے ذمہ داری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث نہ صرف کھلاڑیوں اور آفیشلز کی سکیورٹی یقینی بنائی گئی بلکہ عوام کو بھی ایک محفوظ ماحول فراہم کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن افسران اور اہلکاروں نے اپنی ڈیوٹیاں ایمانداری سے انجام دیں، ان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان کی محنت اور جذبے سے پاکستان کا مثبت تاثر دنیا کے سامنے گیا۔یہ سیریز نہ صرف کھیل کے میدان میں کامیاب رہی بلکہ سکیورٹی کے محاذ پر بھی ایک کامیاب مثال بنی، جس سے پاکستان میں بین الاقوامی کھیلوں کی بحالی کے امکانات مزید روشن ہو گئے ہیں۔