مرکزی ملزم کی ہلاکت کے بعد ڈاکٹر وردہ کا کیس کہیں کمزور تو نہیں پڑ جائے گا
ردا اور اسکا شوہر وحید قرار واقعی سزا سے بچ نکلنے میں کامیاب تو نہیں ہو جائیں گے:شہری
ہری پور (آئی این پی ) ایبٹ آباد لیڈی ڈاکٹر قتل کیس کے مرکزی ملزم شمعریز کی مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت کے بعد نعش پوسٹ مارٹم کے لیے ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد منتقل کر دی گئی ، دوسری طرف ڈاکٹر وردہ قتل کیس کے مرکزی ملزم کی پولیس مقابلے میں ہلاکت کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین ان خدشات کا اظہار کر رہے ہیں کہ مرکزی ملزم کی ہلاکت کے بعد ڈاکٹر وردہ کا کیس کہیں کمزور تو نہیں پڑ جائے گا اور مرکزی ملزمہ ردا اور اسکا شوہر وحید کہیں قرار واقعی سزا سے بچ نکلنے میں کامیاب تو نہیں ہو جائیں گے تاہم ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد ہارون الرشید خان نے ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ مرکزی ملزم شمعریز کی ہلاکت کے بعد اب پولیس کی یہ کوشش ہے کہ کامیاب پراسیکیوشن سے ملوث ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جا سکے۔ایک سوال کے جواب میں ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید نے بتایا کہ وقوعہ کے بعد مرکزی ملزم شمعریز پشاور فرار ہو گیا تھا تاہم اتوار کے روز اسکی کشمیر کی طرف موومنٹ کی اطلاع تھی جس پر چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور خدشے کے عین مطابق مرکزی ملزم شمعریز اور ساتھیوں نے میرا رحمت خان کے مقام پر پولیس پارٹی پر فائرنگ بھی کی جنھیں حفاظتی اقدامات کے تحت پولیس نے انگیج کیا تاہم مرکزی ملزم کے دو ساتھی اندھیرے اور جنگل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے جب کہ مرکزی ملزم شمعریز اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا اسکے دو فرار ہونے والے ساتھی بھی جلد پولیس تحویل میں آ جائیں گے