لیڈی ولنگڈن ہسپتال آپریشن مقابلہ،4 لیڈی ڈاکٹر معطل

ڈاکٹر طیبہ ، ڈاکٹر عائشہ کی ٹیموں میں مقابلہ ہو رہا، فیصلہ ڈاکٹر عیسیٰ کرینگے:ویڈیو مکالمہ ،عوام میں شدید غصہ
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور کے لیڈی ولنگڈن ہسپتال کے گائنی آپریشن تھیٹر میں 2 خواتین کے سی سیکشن (زچگی آپریشن )میں لیٓڈی ڈاکٹرز کی مقابلے بازی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ،خواتین مریضوں کی پرائیویسی کا بھی خیال نہ رکھا گیا مبینہ ویڈیو بنانے پر چار لیڈی ڈاکٹر وں کومعطل کردیا گیا سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کی جانب سے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ گائنی یونٹ ون کو شو کاز نوٹس جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے لیڈی ولنگڈن ہسپتال میں 2 زچگی آپریشنز کے دوران ڈاکٹرز نے آپس میں مقابلہ کیا اوراس کی ویڈیو سامنے آگئی ،آپریشن تھیٹر میں دو خواتین کے سی سیکشن (آپریشن)کے دوران ڈاکٹر طیبہ اور ڈاکٹر عائشہ کی ٹیمیں موجود تھیں۔اس دوران وہاں کھڑی سٹاف نے ویڈیو بنائی اور بتایا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تیز ترین آپریشن کرنے کا مقابلہ چل رہا ہے جس کا فیصلہ ڈاکٹر عیسیٰ کریں گے۔ویڈیو بنانے والی لڑکیوں نے یہ بھی بتایا کہ ایک ڈاکٹر طیبہ کی سپورٹر اور دوسری ڈاکٹر عائشہ کی سپورٹر ہے، دونوں کے درمیان فْل مقابلہ چل رہا ہے۔ذرائع کے مطابق واقعہ ایک روز قبل پیش آیا ،یہ ویڈیو سخت پابندی کے باوجود ڈاکٹرز کی ٹیم نے ہی بنائی ،شہریوں نے ویڈیو سامنے آنے پر شدید غم و غصہ اور تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مریضوں کی زندگیوں کو دائو پر لگانے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ وزیر صحت نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔شوکاز نوٹس کے متن کے مطابق ویڈیو بنانے میڈیکل اخلاقیات کے منافی اور مریض کے وقار کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔ ملوث ڈاکٹر ز کا طرز عمل مریض کی سیفٹی کے معیار اور طبی ماہرین پر اعتماد کے اصول کے منافی ہے مجاز اتھارٹی نے ڈاکٹرز کی غفلت اور کلینیکل فرائص کی ادائیگی میں کوتاہی پر جواب طلب کرلیا